افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا

Published On 02 December,2022 11:33 pm

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے شہر قندھار میں پاکستان کے قونصل خانے کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا جو بعد ازاں بحال بھی ہوگیا ۔

رپورٹس کے مطابق قندھار میں پاکستان کے قونصل جنرل طارق علی نے بیان میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قونصل خانے کے آفیشل اکاؤنٹ کو ہیک کرنے کے بعد ایک ٹویٹ کے ذریعے مشن کی عارضی بندش کا بیان جاری کیا گیا تھا۔

قونصل جنرل نے مزید بتایا کہ قندھار میں پاکستانی قونصل خانے کا آفیشل اکاؤنٹ بحال کر دیا گیا ہے جبکہ ہیکنگ کے دوران کی گئی غیر متعلقہ ٹوئٹس ڈیلیٹ کر دی گئی ہیں اوراس حوالے سے ٹوئٹر کو بھی مطلع کر دیا ہے۔ قونصل خانہ اس دوران پیش آنے والی کسی بھی تکلیف پر معذرت خواہ ہے۔

واضح رہے صحافی انس ملک نے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان دیا گیا ہے کہ پاکستان قندھار میں اپنا قونصل خانہ احتجاجاً 2 روز کے لیے بند کر رہا ہے اور طالبان حکومت سے پُر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خلاف کارروائی کرے اور انہیں محفوظ راستہ نہ دے۔
 

Advertisement