سعودیہ کے ’پبلک انوسٹمنٹ فنڈ‘ سے خلائی صنعت کے فروغ کا آغاز

Published On 28 May,2024 01:01 pm

سعودی عرب کے ’پبلک انوسٹمنٹ فنڈ‘ نے خلائی صنعت کے فروغ کے لیے سپیس گروپ کا آغاز کیا ہے، سعودیہ میں یہ پہلی سرمایہ کاری ہے جو خلائی شعبے میں کی گئی ہے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق پبلک انوسٹمنٹ فنڈ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے ’این ایس جی‘ خلائی صنعت میں ’پی آئی ایف‘ کی پہلی سرمایہ کاری ہے جس کا مقصد خلا کے شعبے میں مملکت کو ترقی و فروغ دینا ہے، نیز عالمی سطح پر جدید سیٹلائٹ فراہم کرنا ہے۔ 

پبلک انوسٹمنٹ فنڈ کے مینا ڈائریکٹ انوسٹمنٹ کے سربراہ عمر المدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’این ایس جی‘ کا قیام سعودی عرب کو سیٹلائٹ اور خلائی شعبے میں ترقی دینا ہے، یہ منصوبہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

واضح رہے گزشتہ سال سعودی عرب نے اپنے پہلے دو خلا بازوں کو خلائی مشن پر بھیجا تھا جس میں ایک خاتون خلا باز ریانہ برناوی بھی شامل تھی۔