چین نے مشین گن سے لیس روبوٹ کتا تیار کرلیا

Published On 29 May,2024 07:47 pm

بیجنگ :(ویب ڈیسک ) چین نے مشین گن سے لیس روبوٹ کتا تیار کر لیا۔

چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس روبوٹ کتے کو چین اور کمبوڈیا کی مشترکہ فوجی مشقوں کے دوران پیش کیا گیا، بیٹری سے چلنے والے اس روبوٹ کو دور دراز سے ریموٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ روبوٹ 2 سے 4 گھنٹے تک مسلسل دوڑ سکتا ہے جبکہ آگے چلنے کے ساتھ ساتھ پیچھے بھی چل سکتا ہے جبکہ بیٹھنے اور چھلانگ لگانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے،یہ کتا اپنے راستوں کی منصوبہ بندی خود کر سکتا ہے جبکہ اہداف کو شناخت اور ان پر حملہ بھی کر سکتا ہے۔

چینی میڈیا رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ایک روبوٹ کتے کا وزن 50 کلو گرام کے قریب ہے اور مشین گن اس کے اندر نصب ہوتی ہے جو باہر نکل کر ہدف کو نشانہ بناتی ہے۔

چینی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایک چینی فوجی نے بتایا کہ یہ روبوٹ شہری علاقوں میں فوجی کارروائیوں کے لیے اہم ثابت ہوگااور کچھ شعبوں جیسے کسی کو ڈھونڈنے اور اہداف کو نشانہ بنانے کے حوالے سے انسانی فوجیوں کی جگہ لے سکتا ہے، ایک چینی کمپنی کے تیار کردہ روبوٹ کی قیمت ایک لاکھ ڈالرز کے قریب بتائی جا رہی ہے۔

واضح رہے یہ پہلی بار نہیں جب چین کی جانب سے روبوٹ کتوں کا مظاہرہ کیا گیا ہے، اس سے قبل 2022 میں بھی اسی طرح کا روبوٹ ایک فوجی مشق میں استعمال کیا گیا تھا۔