بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی مشن چینگ ای 6 چاند کے تاریک حصے قطب جنوبی سے نمونے اکٹھے کرکے زمین پر لانے والا پہلا ملک بن گیا۔
چائنا نیشنل سپیس ایڈمنسٹریشن (سی این ایس اے) کے مطابق چاند کے اس خطے کے نمونوں کے تجزیے سے سائنسدانوں کو چاند کی ارتقائی تاریخ اور اس کے تشکیل پانے کے عمل کو زیادہ گہرائی سے سمجھنے اور نتائج اخذ کرنے میں مدد ملے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ان نمونوں سے نظام شمسی کی تشکیل کو سمجھنے میں اور مستقبل کے مشنز کی بنیاد بھی رکھی جائے گی ۔ چینگ ای 6 کے لینڈر نے 2 جون کو چاند کے قطب جنوبی کے شمال مشرقی خطے میں واقع پول ایٹکن پر لینڈنگ کی۔
چاند کے قطب جنوبی کی سطح سے نمونے اکٹھے کرکے لینڈر نے چین کے پرچم کو چاند کے اس تاریک حصے میں لہرایا، چین کے چینگ ای 6 کا زمین واپسی کا سفر 5 دن میں مکمل ہوگا اور وہ شمالی چین پر لینڈ کرے گا۔
خیال رہے کہ چاند کے اس حصے کو تاریک اس لیے نہیں کہا جاتا کہ وہاں روشنی نہیں، بلکہ اس کے بارے میں تفصیلات نہ ہونے کی وجہ سے اسے تاریک یا خفیہ کا نام دیا جاتا ہے۔