واٹس ایپ نے بیک اپ چیٹ کی حفاظت کیلئے بڑا اعلان کر دیا

Published On 31 October,2025 09:16 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ انکریپٹڈ بیک اپ تک رسائی کیلئے پاس کی سپورٹ کا نیا طریقہ کار شامل کرنے جا رہا ہے۔

واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق اس کا مطلب ہے کہ اگر کسی صارف کی ڈیوائس کھو جاتی ہے تو فنگر پرنٹ، فیشل ریکاگنیشن یا اس ڈیوائس کا سکرین لاک کوڈ استعمال کرتے ہوئے واٹس ایپ کے بیک اپ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

کافی عرصے تک واٹس ایپ کے چیٹ بیک اپ پر انکرپشن کی حفاظتی تہہ موجود نہیں تھی، تاہم 2021 میں میٹا نے صارفین کو اپنا بیک محفوظ کرنے کے لئے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن میتھڈ متعارف کرایا جس کو پاسورڈ یا 64 کریکٹرز پر مشتمل انکرپشن کیز کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ان دونوں طریقوں کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ صارفین کو بیک اپ کے لئے اپنا بیک اپ پاسورڈ یا انکرپشن کیز تک بآسانی رسائی رکھنی ہوتی ہے، لیکن پاس کیز کے ذریعے ان میں سے کسی چیز کی ضرورت نہیں ہوگی۔

واٹس ایپ کے مطابق یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں یا ماہ میں صارفین کیلئے جاری کر دیا جائے گا، اس لئے صارفین کو اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ یہ کب ان کے لئے دستیاب ہوتا ہے۔