ماسکو: (ویب ڈیسک) روس میں سنیپ چیٹ اور ایپل کی ویڈیو کالنگ سروس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ سنیپ چیٹ اور ایپل کی ویڈیو کالنگ سروس کو مبینہ طور پر دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کے لئے استعمال کیا جا رہا تھا۔
رپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ کچھ گروہ سنیپ چیٹ کی خفیہ چیٹس اورغائب ہونے والے میسجز کا فائدہ اٹھا کر رابطے میں رہ رہے تھے، جس کے بعد اس ایپ کو ملک میں بلاک کر دیا گیا۔
اسی کے ساتھ روس نے ایپل کی ویڈیو کالنگ سروس FaceTime کو بھی بند کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق بعض ”غیر منظور شدہ“ بیرونی مواصلاتی ذرائع سکیورٹی ایجنسیوں کے نگرانی سسٹمز سے مطابقت نہیں رکھتے، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل روس گوگل، یوٹیوب، میٹا کی مختلف سروسز، واٹس ایپ اور ٹیلیگرام پر بھی پابندیاں عائد کر چکا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ان مسلسل اقدامات کے بعد ملک کے اندر بین الاقوامی ڈیجیٹل پلیٹ فارمزتک عام صارفین کی رسائی مزید محدود ہوگئی ہے جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ فیصلے قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے ناگزیرہیں۔



