ٹیکنالوجی
خلاصہ
- دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں جدید شہری سفری سہولتوں کے فروغ کے تحت ڈرائیور لیس ٹیکسی سروس کا باضابطہ آغاز آئندہ ماہ مارچ سے کیا جا رہا ہے، جس کا اعلان دبئی کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کیا۔
حکام کے مطابق اس سروس کے تحت جدید خودکار ٹیکنالوجی سے چلنے والی ٹیکسیاں شہر کی مختلف سڑکوں پر آزمائشی اور عملی طور پر چلائی جائیں گی، جس کا مقصد شہری ٹرانسپورٹ کو مزید محفوظ، تیز اور ماحول دوست بنانا ہے۔
ماہرین کے مطابق ڈرائیور لیس ٹیکنالوجی مستقبل کے شہری سفر کا اہم حصہ بن رہی ہے، جس سے ٹریفک کے مسائل میں کمی، ایندھن کے بہتر استعمال اور حادثات کی شرح کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دبئی مستقبل کی اسمارٹ ٹرانسپورٹ سہولتوں کے فروغ کے لیے مسلسل جدید منصوبے متعارف کروا رہا ہے، اور توقع ہے کہ آنے والے برسوں میں خودکار گاڑیوں کا استعمال شہری سفر کا معمول بن جائے گا، جس سے روزمرہ سفر مزید آسان اور محفوظ ہوگا۔