کینبرا: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر بغیر ڈرائیور ٹرک چلتا ہوا دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے، پولیس نے اس ویڈیو پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ویڈیو میں موجود شخص کو پاگل قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بغیر ڈرائیور کے چلتا ہوا ٹرک لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرک ڈرائیور ساتھ والی مسافر کی نشست پر بیٹھا ہوا ہے اور اسٹیئرنگ پر کوئی بھی موجود نہیں۔
یہ ویڈیو ایک سنسان شاہراہ پر فلمائی گئی ہے جہاں اس ٹرک کے علاوہ کوئی اور گاڑی موجود نہیں جب وہ کیمرے کو ڈرائیور کی نشست کی جانب کرتا ہے تو یہ واضح ہوجاتا ہے کہ ڈرائیور کی نشست خالی ہے اور کوئی بھی گاڑی کو کنٹرول نہیں کررہا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس ویڈیو پر مختلف قسم کے کمنٹس آئے اور کچھ لوگوں نے اس پر حیرت کا اظہار کیا تو کسی سے اس کو بے وقوفی کہہ کر اس کی مذمت کی لیکن دوسری جانب کچھ لوگ اسے فیک بھی کہہ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹرک ڈرائیور ساتھ والی سیٹ پر بیٹھ کر اسے کنٹرول کررہا ہے۔
اس کے علاوہ اس ویڈیو کا پولیس حکام نے بھی سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ویڈیو بنانے والے کیخلاف سکت کارروائی کا عندیہ دیا ہے پولیس کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی خطرناک اور احمقانہ حرکت ہے۔