واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) سائنسی تجربات سے معلوم ہوا ہے کہ پالک شوخ ہرے پتوں والی سبزی سے کاربن نینو شیٹ تیار کر کے ماحول دوست بیٹریاں بھی بنائی جا سکتی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں واقع امریکن یونیورسٹی کے سائنسدان پروفیسر شوزونگ زو نے بتایا کہ پالک سے کاربن پر مبنی نہایت مؤثر عمل انگیز بنایا گیا ہے جو بیٹریوں میں آکسیجن ریڈکشن کا کام کرتا ہے، یہ روایتی، مہنگے اور ماحول دشمن عمل انگیز کو بھی اپنی صلاحیت سے پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔
اس سے ہائیڈروجن فیول، سیل، میٹل ایئر بیٹریوں اور دیگر آلات کو باآسانی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ سائنسدانوں نے تجربہ گاہ میں پالک سے اخذ کردہ کاربن سے نینو ٹیوب بنائی ہیں۔
اسی طرح ایک نینومیٹر موٹائی کی کاربن نینو شیٹ بھی تیار کی گئی ہے۔ سیمولیشن اور ابتدائی تحقیق حوصلہ افزا رہی ہے اور اگلے مرحلے میں اس سے باقاعدہ ہائیڈروجن فیول سیل چلانے کی کوشش کی جائے گی۔