پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس سے ایک حیران کن خبر نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے، مشرقی فرانس میں چہل قدمی کرنے والے جوڑے کو چھوٹا سا کیپسول ملا جس میں ایسا پیغام تھا جسے جرمن ریاست پروسیا کے فوجی نے لکھا تھا اور یہ 110 برس قبل کبوتر کے ذریعے بھیجا گیا تھا۔
جرمن میڈیا کے مطابق فرانسیسی مشرقی شہر اوربی میں قائم لِنگے میوزیم کے منتظم ڈومینیک جیرڈی کے مطابق یہ خط جرمن زبان میں ہے جسے انگرسہائیم میں تعینات ایک پیادہ فوجی کی طرف سے اپنے افسر کو بھیجا گیا تھا۔ اس خط میں فوجی نقل و حرکت کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔
بظاہر یہی لگتا ہے کہ خط 1910ء میں لکھا گیا یا پھر 1916ء میں۔ اس وقت انگرسہائیم جرمنی کا حصہ تھا۔ آج یہ علاقہ فرانس کا حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ترکی میں گدھوں کو بلدیاتی حکومت نے ملازمت دے دی
ڈومینیک جیرڈی کا کہنا ہے کہ انگرسہائیم کے علاقے میں جوڑے کو چہل قدمی کے دوران کھیت سے یہ کیپسول ملا جس میں موجود مواد اچھی طرح محفوظ تھا۔ کیپسول ایلومینیم کا بنا ہوا ہے۔
انہوں نے اسے ایک انتہائی غیر معمولی‘ دریافت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی چیز پہلے کبھی نہیں دیکھی۔
جرمن میڈیا کے مطابق یہ جوڑا اس خط کو قریبی میوزیم میں لے آیا جو اوربی میں پہلی عالمی جنگ کی خونریز لڑائیوں کے بارے میں قائم کیا گیا ہے۔ یہ جنگ 1914ء سے 1918ء تک جاری رہی تھی۔
جیرڈی کا کہنا ہے کہ انہوں نے خط کے متن کو سمجھنے کے لیے جرمن دوست کی مدد حاصل کی۔ یہ چھوٹا سا کیپسول اور اس میں بھیجا گیا یہ خط اب اس میوزیم میں مستقل نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔