جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں ایک شخص کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے جس نے اپنے کام سے بے حد لگاؤ کی وجہ سے اس کا نام’محکمے‘ رکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے کام اور پیشے سے محبت کرنے والے شخص تو دنیا بھر میں پائے جاتے ہیں لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسے شخص کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جنہیں اپنے کام سے اتنی محبت ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹے کانام ہی وہی رکھ دیا جو ان کے آفس کا نام ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈونیشین شہری سمت واہیودی نے شادی سے قبل ہی فیصلہ کرلیا تھا کہ اگر ان کا بیٹا ہوا تو اس کا نام اس محکمے کے نام جیسا ہی رکھیں گے جس میں وہ سرکاری ملازم تھے۔
شادی سے قبل ہی سمت نے اپنی منگیتر کو اس حوالے سے آگاہ کردیا تھا اور خلاف معمول وہ راضی بھی ہوگئیں، شادی کے بعد جب ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تو سمت اور ان کی اہلیہ نے بچی کا نام روایتی ہی رکھا تاہم گزشتہ برس جب ان کے ہاں بیٹا پیدا ہوا تو سمت اور ان کی اہلیہ نے بچے کا نام محکمے کے نام ’اسٹیٹسٹیکل انفارمیشن کمیونیکیشن آفس‘ رکھا۔
بچے کے نام سے متعلق اس کے والد نے میڈیا کو بتایاکہ انہوں نے بریس شہر میں 2003میں بطور سرکار ی ملازم ملازمت حاصل کی اور تب سے وہیں کام کررہے ہیں، یہ جگہ ان کے لیے دوسرے گھر کی مانند ہے لہٰذا وہ چاہتے ہیں کہ ان کا بیٹا بھی اس جگہ سے جڑجائے۔
سمت کا کہنا تھا کہ انہیں اندازہ ہے کہ ان کے بیٹے کو اپنا پورانام اسٹیٹسٹیکل انفارمیشن کمیونیکیشن آفس متعارف کروانے میں مشکل کا سامنا ہوگا لہٰذا سمت اور ان کی اہلیہ بچے کا نک نیم ’ڈنکو‘ رکھا ہے۔