ہاتھیوں کا جھنڈ شہروں کے سفر پر نکل پڑا، جنگل میں سوتے ہوئے تصویر وائرل

Published On 09 June,2021 10:10 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں ہاتھیوں کا ایک جھنڈ جنگل چھوڑ کر شہروں کے سفر پر نکلا ہوا ہے جو اب تک پندرہ ماہ میں پانچ سو کلومیٹر زائد فاصلہ طے کر چکے ہیں۔ ہاتھیوں کے جھنڈ کی جنگل میں سوتے ہوئے تصویر وائرل ہو گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شروع شروع میں یہ ہاتھی جنگل سے شہری علاقوں کی جانب آئے تو ان کا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی لیکن ہر بار یہ ہاتھی رکاوٹوں کو چکمہ دے کر دوبارہ اپنا سفر شروع کرتے تھے۔ اب یہ ہاتھی واپس اپنے علاقے کی جانب مڑ چکے ہیں۔

اس جھنڈ پر نظر رکھنے کے لیے چینی حکومت نے پانچ سو اہلکار تعینات کر رکھا ہے جو 14 ڈرونز کی مدد سے پندرہ ہاتھیوں پر مشتمل اس جھنڈ کی نگرانی کر رہے ہیں۔

چین میں ہاتھیوں کے ایک گشت کرتے جھنڈ کو جس نے پورے چین میں شہرت حاصل کر لی ہے ایک جنگل میں سوتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ یہ ہاتھی ژیانگ کے قصبے کے قریب سوتے ہوئے دیکھے گئے کیونکہ اس علاقے میں تیز بارشیں ہوئی تھیں اور ان بارشوں کی وجہ سے ان کے سفر کرنے کی رفتار سست پڑ گئی تھی۔

یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان ہاتھیوں نے علاقے کو چھوڑ کر سفر کیوں اختیار کیا ہے اور اس معاملے میں دنیا نے دلچسپی لینا شروع کر دی ہے۔

کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ کوئی ناتجربہ کار ہاتھی اس پورے جھنڈ کو لے کر نکل پڑا ہے اور بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ہاتھی اب نیا علاقہ ڈھونڈ رہے ہیں۔

ایشیا میں ہاتھی ناپید ہو رہے ہیں اور ان کے معدوم ہونے کا خطرہ ہے۔ چین میں 300 کے قریب جنگلی ہاتھی ہیں جن کی اکثریت یونان کے صوبے میں ہیں۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے اس سے پہلے ہاتھیوں نے کبھی اتنا طویل سفر طے نہیں کیا ہے۔

Advertisement