لندن: (دنیا نیوز) برطانوی شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کی 1981ء میں ہونے والی شادی کے کیک کا ٹکڑا 2 ہزار 565 ڈالر میں نیلام ہو گیا ہے۔
جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق انگلینڈ کے نیلام گھر ڈومینک ونٹر آکشنیرز نے کہا ہے کہ گزشتہ روز 1981ء میں شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کی شادی میں رکھے گئے کیک کے ٹکڑے کی نیلامی میں دنیا بھر سے لوگوں نے شرکت کی۔ تاہم بہت اچھی حالت میں ہونے کے باوجود اس کیک کے ٹکڑے کو نہ کھانے کی ہدایت کی گئی۔
کیک کا ٹکڑا خریدنے والے برطانوی کاؤنٹی یارک شائر کے شہر لیڈز کے مقامی شہری وبادشاہت پرست گیری لیٹن نے کہا کہ یہ کیک کا ٹکڑا ان کی یادگار تقریبات اور لوگوں سے وابستگی کے مجموعے کا حصہ ہو گا جسے میری موت کے بعد عطیہ کر دیا جائے گا اگرچہ انہیں اس کیک کو کھانے سے خود کو روکنے کے لیے کچھ کرنا ہو گا۔