بغداد: (دنیا نیوز) کئی بار ایسی خبریں ہمیں پڑھنے کو ملتی ہیں جن پر فوری طور پر یقین کرنا مشکل ہو جاتا ہے، ایسی ہی ایک خبر عراق سے آئی ہے جہاں پر کورونا وائرس کے باعث دو ماہ قبل فوت ہونے والی خاتون الیکشن جیتنے میں کامیاب ہو گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق عراق میں اتوار کے روز ہونے پارلیمانی انتخابات میں شائد انوکھی ترین بات یہ ایک خاتون امیدوار کی جیت تھی جو دو ماہ پہلے ہی دنیا سے رخصت ہو چکی ہیں۔
گزشتہ دنوں کے دوران عراقی حلقوں میں اس بات پر ہنگامہ مچا ہوا ہے کہ بغداد صوبے میں انتخابات لڑنے والی خاتون انسام مانوئیل 2397 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہو گئیں جب کہ درحقیقت کورونا سے متاثر ہونے کے سبب تقریبا دو ماہ قبل ان کا انتقال ہو چکا ہے۔
انسام کے اہل خانہ نے فیس بک پر ان کے پیج پر جاری وضاحت میں بتایا کہ "متوفیہ امیدوار" نے انتخابات میں آزاد حیثیت سے شرکت کا اعلان کیا تھا تاہم اگست میں انہیں کورونا کی زد میں آ گئیں۔ وہ 35 روز تک ہسپتال میں رہنے کے بعد دنیا سے رخصت ہو گئیں۔
یاد رہے کہ قانونی پہلو سے انسام کی جگہ وہ امیدوار لے گا جو متوفیہ کے بعد ووٹوں کی تعداد کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر رہا۔
واضح رہے کہ کابینہ کے سکریٹریٹ کے اعلان کے مطابق حالیہ قبل از وقت پارلیمانی انتخابات میں پورے عراق میں 97 خواتین نے کامیابی حاصل کی۔