ہنوئی: (روزنامہ دنیا) معروف ترک باورچی نصرت گوکے (سالٹ بی) کی نقل اتارنے پر نوڈلز فروخت کرنے والے ویتنامی شہری کو پولیس نے طلب کر لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ویتنام کی پولیس نے ایک نوڈلز فروش کو طلب کیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر سالٹ بی کی نقالی کی ویڈیو شیئر کی تھی۔ ویڈیو میں 38 سالہ بوئی توان لام نوڈلز میں سالٹ بی کی طرح کچھ ڈالتا ہوا نظر آتا ہے جبکہ کچھ لمحوں بعد سالٹ بی کی طرح ہی چلتا ہوا اپنے گاہکوں کو کھانا فراہم کرتا ہے۔
ویڈیو منظر عام پر آئی تو ویتنامی پولیس نے بوئی کو طلب کر لیا جس پر بوئی نے کہا کہ اس نے ویڈیو سالٹ بی کا مذاق اڑانے کی بجائے محض اپنے نوڈلز کی تشہیر کیلئے بنائی تھی۔