اوہائیو: (روزنامہ دنیا) امریکی ماہرین نے کسی بیٹری کے بغیر چلنے والا ایک بہت حساس ہار نما آلہ بنایا ہے جسے گلے میں پہنا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس آلے میں لگے سینسرز پسینے کی معمولی مقدار میں بھی بایو مارکر نوٹ کر کے مختلف امراض کی شناخت کر سکتے ہیں۔ اوہائیو سٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین نے اسے کئی مریضوں پر آزمایا اور رضا کاروں کے پسینے سے خون میں شوگر کی مقدار معلوم کی۔
سمارٹ نیکلس میں کسی قسم کی بیٹری نہیں بلکہ یہ ارتعاشی سرکٹ سے کام کرتا ہے جو بیرونی راڈار سے ریڈیو فری کوئنسی سگنل سے بجلی بناتا ہے۔ گلو بند سینسر کی خالق پروفیسر جنگہوالائی کہتی ہیں کہ اگر پسینے کے اجزا اور کیمیکل ناپنے والے حساس سینسر کسی طرح بنائے جائیں تو وہ ایک تشخیصی لیبارٹری کا کردار ادا کرتے ہوئے بہت سی بیماریوں کی خبر دے سکتے ہیں۔