دنیا کا سب سے بڑا پینسلوں کا مجموعہ رکھنے کا ریکارڈ امریکی شہری کے نام

Published On 15 November,2023 01:09 pm

آئیووا: (ویب ڈیسک) امریکی شہری نے 69 ہزار سے زائد مختلف اقسام کی پینسلوں پر مشتمل دنیا کا سب سے بڑا مجموعہ رکھنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

یہ منفرد ریکارڈ امریکی ریاست آئیووا سے تعلق رکھنے والے ایرن بارتھولمے نامی شہری نے اپنے نام کیا ہے، ایرن بارتھولمے کو اس جدو جہد میں امریکن پینسل کلیکٹر سوسائٹی کی مدد بھی میسر رہی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ موسم گرما کے دوران عوامی سطح پر پینسلوں کی گنتی کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں وافر مقدار میں شواہد گینیز ورلڈ ریکارڈز میں جمع کروائے گئے۔

ادارے کی جانب سے جمع کروائے گئے پینسلوں کے اعداد و شمار کی جانچ کے بعد یہ تصدیق کی گئی کہ ایرن کے پاس دنیا کا سب سے بڑا پینسلوں کا مجموعہ ہے جس کی بنیاد پر انہیں یہ ریکارڈ تفویض کر دیا گیا۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایرن بارتھولمے کا کہنا تھا کہ اعداد کے اعتبار سے مجھے یقین تھا کہ میں ریکارڈ بنا سکتا ہوں، مجموعے میں کچھ نایاب پینسلیں بھی شامل ہیں جو 100 سال سے بھی زائد عرصہ پرانی ہیں۔