سینکڑوں بچوں کی ماں کہلوانے والی عالمی ایوارڈ یافتہ پاکستانی سیاستدان

Published On 05 April,2024 01:43 pm

لاہور:(ویب ڈیسک ) چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفئیر بیورو پنجاب میں تقریباً 500 بچوں کی سرپرست اور استحکام پاکستان پارٹی کی مخصوص نشست پر منتخب ہونے والی پنجاب اسمبلی کی رکن سارہ احمد عالمی ایوارڈ یافتہ سیاستدان ہیں۔

سارہ احمد 2019 سے اس چائلد پروٹیکشن بیورو کی سربراہی کر رہی ہیں، گذشتہ برس کے آخری مہینے میں انہوں نے سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا،انہوں نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سابق پیٹرن اِن چیف جہانگیر ترین سے ملاقات کرتے ہوئے باقاعدہ سیاست کا آغاز کیا۔

خاتون ایم پی اے اور چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورونے بتایا کہ وہ سیاست میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آئی ہیں، بچوں کے حقوق کے لیے ان کی کاوشوں کا اعتراف امریکہ نے بھی کیا اور گذشتہ دنوں انہیں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی جانب سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ’انٹرنیشنل وومن آف کریج‘ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

یوں سارہ احمد یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں ہیں، اسی طرح حکومت پاکستان نے بچوں کے حقوق کے تحفظ، بچوں کے استحصال کی روک تھام اور بچوں کے لیے کی گئی خدمات کے اعتراف میں انہیں تمغۂ امتیاز سے بھی نوازا۔

سارہ احمد اٹلی میں انٹرنیشنل کولیبوریٹو ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہیں جبکہ اقوام متحدہ میں انہوں نے بچوں کے حقوق پر پاکستان کی نمائندگی بھی کی ہے۔

خاتون ایم پی اے کا کہنا تھا کہ میں اپنے بیورو میں گذشتہ پانچ برسوں سے کام کر رہی ہوں اور یہاں اُن بچوں کو تحفظ فراہم کرتی ہیں جنہیں ’بھکاری مافیا‘ اغواء کر کے ٹریفک سگنلز پر بھیک مانگنے پر لگا دیتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں ’بھکاری مافیا‘ بہت مضبوط ہے اور ان کے خلاف کام کرنے کے دوران انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن دل میں یہی تھا کہ بچوں کے لیے کام کرنا ہے اور ان کی دعائیں لینی ہیں، اس لیے ہمت ملتی رہی۔