کولوراڈو سٹیٹ :(ویب ڈیسک ) ایک ناقابل یقین واقعہ نے ڈاکٹروں کو حیران کر دیا، امریکہ کے کولوراڈو سٹیٹ چلڈرن ہسپتال میں 4 سالہ بچے کا دل تقریباً 19 گھنٹے تک رکنے کے بعد دوبارہ حرکت میں آگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بچے کے اہل خانہ اپنے پیارے کو الوداع کرنے کو تیار تھے کہ بچہ دوبارہ زندہ ہوگیا، ننھے بچے کو 8 اپریل کو بخار ہوا اور اس کی والدہ نے سوچا کہ یہ زکام ہے اور کچھ دنوں بعد ختم ہو جائے گا، لیکن اگلے دن بچے کی حالت مزید بگڑ گئی، ہاتھ پاؤں ٹھنڈے پڑ گئے، منہ نیلا پڑ گیااور آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے نمودار ہو گئے، بچہ سانس لینے سے قاصر ہوگیا۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ہسپتال میں ڈاکٹروں نے اس کے گھر والوں کو بتایا کہ اسے دل کا دورہ پڑا ہے اور اس کی نبض بند ہو گئی ہے، اس کو کارڈیو پلمونری ریسیسیٹیشن کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا، اس لیے اسے لائف سپورٹ پر رکھا گیا، بچے کے انفیکشن کی وجہ سے سیپسس بھی ہوا جو انفیکشن کے لیے جسم کا شدید ردعمل ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس کے والدین نے بتایا کہ جب اس کا دل رک گیا تو ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ لائف سپورٹ مشین کے کام کرنا بند ہونے میں ابھی کچھ ہی وقت تھا کہ کارٹئیر میک ڈینیئل کا دل 19 گھنٹے رکنے کے بعد دوبارہ دھڑکنے لگا۔
اس غیر معمولی واقعہ کے بعد ڈاکٹر اس لیے حیران رہ گئے کہ ان کے پاس اس واقعے کی کوئی سائنسی وضاحت نہیں تھی، بچے کے والدین کا خیال تھا کہ اس معاملے کے پیچھے خدا کا ہاتھ تھا۔