پیرس: (ویب ڈیسک) گھر سے کلینک کیلئے نکلنے والا فرانسیسی مریض شہری ایک غلط ٹرن لینے کے باعث ڈاکٹر کے پاس پہنچنے کے بجائے ایک ہزار میل دور ایک دوسرے ملک جا پہنچا۔
اپنی نوعیت کا یہ عجیب و غریب واقعہ 85 سالہ ایک ایسے معمر شخص کے ساتھ پیش آیا جس کی یادداشت یا سمت پہچاننے کی صلاحیت میں کوئی کمی نہیں، لیکن ایک وقت میں وہ اپنے جی پی ایس کی ہدایات میں اس قدر الجھ گیا کہ وہ اپنے گھر کے قریب واقع قریب کلینک کے بجائے 1,500 کلومیٹر دور ایک اور ملک پہنچ گیا اور دلچسپ امر یہ ہے کہ اس ملک کی سرحدیں فرانس سے ملتی بھی نہیں ہیں۔
مغربی فرانس کے علاقے چٹیلونسورتوہے نامی گاؤں میں رہائش پذیر اس شخص کو اپنے گھر سے تقریباً 12 میل کے فاصلے پر کلینک جانا تھا، جب یہ شخص کافی وقت گزرنے کے باوجود گھر نہ آیا تو اس کے خاندان کو فکر اور خدشات لاحق ہوئے اور پولیس کو اس کی گمشدگی کے بارے میں اطلاع دی گئی اور کہا گیا کہ آرمی سے اس کے موبائل فون کی جیو لوکیشن معلوم کرنے میں مدد کی درخواست کریں۔
فرانس کی فوج نے اس گمشدہ شخص کا فون یورپی ملک کروشیا کے ایک ہوٹل میں ٹریک کیا، جو حیران کن طور پر اس کے گھر سے 1,500 کلومیٹر (932 میل) دور تھا، بظاہر وہ 20 گھنٹے گاڑی چلا کر اٹلی سے گزرتے ہوئے اس جنوبی یورپی ملک تک پہنچا تھا۔
جب اس معمر شخص سے پوچھا گیا کہ وہ وہاں کیسے پہنچ گیا تو اس نے کہا کہ میں نہیں سمجھ پا رہا کہ ایسا کیسے ہوگیا، غالباً اس کی وجہ جی پی ایس کی خرابی رہی ہے۔



