قیدی کو سزائے موت پر عملدرآمد سے چند منٹ قبل نئی زندگی مل گئی

Published On 14 November,2025 05:02 am

اوکلاہوما: (ویب ڈیسک) سزائے موت پانے والے امریکی قیدی ٹرومین ووڈ کی سزا پر عمل درآمد سے چند منٹ قبل اس کی سزا معجزاتی طور پر عمر قید میں بدل دی گئی۔

امریکا کی ریاست اوکلاہوما کے ریپبلکن گورنر کیون سٹِٹ نے پیرول بورڈ کی سفارش قبول کرتے ہوئے ٹرومین ووڈ کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا جو کہ اپنی نوعیت کا ایک غیر معمولی واقعہ ہے، یہ گورنر کیون سٹٹ کے کم و بیش 7 سالہ دور میں دوسری بار ایسا ہوا ہے کہ انہوں نے کسی قیدی کی سزا کم کر دی۔

اس سے چند گھنٹے قبل امریکی سپریم کورٹ نے ٹرومین ووڈ کے وکلا کی جانب سے سزائے موت رکوانے کی درخواست مسترد کر دی تھی جس سے ٹرومین کے کے بچنے کے چانسز بظاہر ختم ہو گئے تھے، 46 سالہ ٹرومین ووڈ کو 2002ء میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران ایک 19 سالہ لڑکی کے قتل کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی۔

مجرم کے وکلا نے یہ تسلیم کیا کہ وہ ڈکیتی میں شامل تھا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اصل قاتل اس کا بھائی تھا جسے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی اور وہ 2019ء میں ہی جیل میں انتقال کر گیا تھا۔