لاٹری ونر نے لگژری لائف کیلئے دولت ’کنجوس‘ بیوی سے چھپا لی

Published On 25 November,2025 09:43 am

ٹوکیو:(ویب ڈیسک) جاپان میں ایک معمر شخص نے 60 کروڑ ین (ایک ارب پاکستانی روپے سے زائد) لاٹری سے جیتے تو اسے اپنی’کنجوس‘ اہلیہ سے چھپا کر رکھا تاکہ پرتعیش زندگی گزار سکے۔

جاپانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 66 سالہ شخص ایس (اس کا پورا نام ظاہر نہیں کیا گیا) ایک کمپنی سے کام کرتے ہوئے ریٹائر ہوا تھا۔

وہ اور اس کی اہلیہ جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں مقیم ہیں اور ان کی مجموعی پنشن 3 لاکھ ین (5 لاکھ 38 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) بنتی ہے۔

ٹوکیو دنیا کے مہنگے ترین شہروں میں شامل ہے اور وہاں 2 بچوں کی تعلیم کے لیے اس جوڑے نے 2 کروڑ 70 لاکھ ین جمع کیے۔

ایس عموماً اپنا زیادہ وقت ایک کافی شاپ میں اخبار پڑھتے ہوئے گزارتا تھا اور وہاں اس نے چند لاٹری ٹکٹ خریدے۔

ہر ٹکٹ کی قیمت 300 ین تھی اور ایک دن ایس کو بتایا گیا کہ وہ لاٹری انعام جیت گیا ہے اور اسے بینک جانا چاہیے۔

بینک جانے پر اسے علم ہوا کہ وہ لاٹری کا سب سے بڑا انعام 60 کروڑ ین جیت چکا ہے۔

شروع میں تو یہ سن کر وہ شاک رہ گیا۔

مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس نے بتایا کہ  یہ مجھے حقیقی محسوس نہیں ہوا، یہ رقم بہت زیادہ تھی، میں تو کچھ خوفزدہ ہوگیا تھا ۔

اس کا کہنا تھا کہ  میں نے سنا تھا کہ لاٹری جیتنے کا امکان آسمانی بجلی کا شکار ہونے سے بھی کم ہوتا ہے، مگر میرے ساتھ ایسا ہوا ۔

مگر اپنی اہلیہ کو اس بارے میں بتانے کی بجائے ایس نے اس رقم کو خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا۔

اس کی وجہ یہ تھی کہ اہلیہ بہت زیادہ کفایت شعار یا یوں کہہ لیں کہ کنجوس تھی اور رقم بہت مشکل سے خرچ کرتی تھی۔

اہلیہ نے شادی کے بعد اسے باہر کچھ کھانے پینے سے روک دیا تھا اور صرف ایک پرانی سستی گاڑی خریدنے کی اجازت دی۔

ایس اکثر اپنی کفایت شعار بیوی کے بارے میں شکایت کرتا تھا اور دولت پر اس کے سخت کنٹرول پر شرمندگی محسوس کرتا تھا۔

ایس نے اپنی اہلیہ کو بس یہ بتایا کہ وہ 50 لاکھ ین لاٹری سے جیت گیا ہے اور اس رقم کو گھر کی تزئین کے لیے خرچ کرنا چاہیے۔

مگر حقیقت میں خفیہ طور پر اس نے ایک مہنگی گاڑی خریدی، ریزورٹس میں قیام کیا اور جاپان بھر کا سفر کرکے 6 ماہ میں ایک کروڑ 80 لاکھ ین خرچ کردیے۔

وہ بیوی کے شکوک سے بچنے کے لیے روزانہ اپنی نئی گاڑی ایک زیرزمین پارکنگ میں کھڑی کرتا، جبکہ پرانے ملبوسات پہنتا۔

مگر اس خفیہ پرتعیش طرز زندگی کے باعث وہ تنہائی اور پچھتاوے جیسے احساسات کا سامنا کرنے لگا۔

اسے اپنے والد کی یادیں ستانے لگیں جن کا انتقال تنہا ہوا تھا۔
ایس کو احساس ہوا کہ یہ تمام منفی جذبات لاٹری جیتنے کے بعد اس کی شخصیت کا حصہ بنے۔
اس کے مطابق  اگر میں نے یہ دولت اپنی محنت سے کمائی ہوتی تو مجھے فخر ہوتا، مگر یہ مجھے بغیر کسی کوشش کے مل گئی جس کے باعث میری زندگی ہل کر رہ گی۔
بتدریج اس نے ایک ماہر سے مشاورت کی اور 50 کروڑ ین سے بیوی اور بچوں کے نام سے انشورنس پالیسیاں خرید لیں۔
اسے توقع ہے کہ اس کے مرنے کے بعد خاندان کو مالی تحفظ حاصل ہوگا۔