خلاصہ
- دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی کے ایک سکول میں طلبہ کی عملی تربیت کے لیے شہد کی مکھیوں کا چھتہ نصب کر دیا گیا ہے، جس کے تحت “جونیئر بیکیپرز” پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد بچوں کو فطری نظام، حیاتیاتی تنوع اور زرعی عمل کے بارے میں عملی تجربہ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ماحول دوست طرزِ فکر کو کم عمری سے سمجھ سکیں۔
اس پروگرام کے تحت طلبہ کو ماہرین کی نگرانی میں حفاظتی لباس پہن کر شہد کی مکھیوں کی دیکھ بھال، ان کے رہن سہن اور شہد کی تیاری کے عمل سے آگاہ کیا جاتا ہے سکول انتظامیہ کے مطابق یہ منصوبہ نصابی تعلیم کو عملی سرگرمی سے جوڑنے کی کوشش ہے، جس سے طلبہ سائنسی مشاہدہ، ذمہ داری اور قدرتی وسائل کے تحفظ کی اہمیت کو بہتر انداز میں سمجھ سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق شہد کی مکھیاں زرعی پیداوار میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں کیونکہ پولینیشن کے عمل کے ذریعے وہ پودوں کی افزائش میں مدد دیتی ہیں۔ اس قسم کے پروگرام طلبہ کو خوراک کے عالمی نظام، ماحولیات اور پائیدار ترقی کے تصورات سے جوڑتے ہیں، جو مستقبل کی تعلیمی حکمت عملی میں اہمیت اختیار کر رہے ہیں۔
تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ ماڈل کامیاب رہا تو اسے دیگر اسکولوں تک بھی توسیع دی جا سکتی ہے۔ اس طرح دبئی میں تعلیم کو صرف کتابی علم تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اور تجرباتی انداز میں فروغ دینے کا رجحان مزید مضبوط ہو سکتا ہے۔