ہلاکتیں فلیٹ میں گیس پھیلنے سے ہوئیں، پڑوسیوں نے کمرے کا دروازہ توڑ کر دونوں کی لاشوں کو باہر نکالا
کفر الزیات (نیٹ نیوز ) مصر میں ایک الم ناک حادثے میں نوبیاہتا جوڑا شادی کی اگلی صبح کمرے میں مردہ پایا گیا۔ یہ واقعہ ملک کے شمالی صوبے الغربیہ کے شہر کفر الزیات میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق شادی کے اگلے روز صبح دُلہن کے گھر والے رواج کے مطابق جوڑے کے لیے کھانے کی چیزیں لے کر پہنچے تو کسی نے فلیٹ کا دروازہ نہیں کھولا۔
آدھے گھنٹے تک جواب نہ آنے پر پڑوسیوں کی مدد سے فلیٹ کا دروازہ توڑا گیا۔ اندر داخل ہونے پر تمام لوگ اُس وقت ہکّا بکّا رہ گئے جب انہیں دولہا دلہن اپنے بیڈ روم میں مُردہ حالت میں ملے۔ ساتھ ہی پورے فلیٹ میں طبعی گیس کی بُو پھیلی ہوئی تھی۔ اس موقع پر فوری طور پر گیس کے اخراج کو بند کیا گیا جس کا ذریعہ گیس کا گیزر تھا اور فلیٹ کی تمام کھڑکیاں کھول دی گئیں۔
صوبے کے پولیس سربراہ طارق حسونہ کے مطابق دولہا احمد حلمی اور دُلہن ندی کے لاشوں پر کوئی ایسے نشانات نظر نہیں پائے گئے جس سے ظاہر ہوتا ہو کہ یہ کوئی مجرمانہ کارروائی ہے۔ تفتیشی مرکز کے سربراہ ہادی سالم کا کہنا ہے کہ فلیٹ کے اندر گیس کے اخراج کے نتیجے میں دولہا دلہن کا دم گھٹ گیا اور وہ فوری طور پر دم توڑ گئے۔