نیوزی لینڈ حملہ: او آئی سی کی جانب سے شدید مذمت

Last Updated On 15 March,2019 04:33 pm

(ویب ڈیسک): اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین کی جانب سے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

او آئی سی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے دنیا بھر میں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور ان میں غم کی لہر ہے، یہ واقعہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے اسلام فوبیا اور عدم برداشت کی بھیانک مثال ہے۔
او آئی سی کی جانب سے نیوزی لینڈ حکام سے اس حملے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 2 مساجد پر فائرنگ کے نتیجے میں 49 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے آنے والی بنگلادیشی کرکٹ ٹیم بال بال بچ گئی۔ وزیراعظم جیسنڈا آڈرن نے ملک کا سیاہ ترین دن قرار دے دیا۔

مسلح شخص نماز جمعہ کے بعد مسجد میں داخل ہوا اور خود کار ہتھیار سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ حملہ آور نے کئی بار گن ری لوڈ کی اور مختلف کمروں میں جا کر فائرنگ کرتا رہا۔ مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور اس دوران ہیلمٹ پر لگے کیمرے سے ویڈیو بناتا رہا اور انٹرنیٹ پر براہ راست دکھاتا رہا۔