صنعا: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثیوں کی تجویز کے اطلاق سے جنگ بندی کا طاقتور پیغام بھیجا جا سکتا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اقوام متحدہ نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر تمام حملوں کے خاتمے کی تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔ جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تجویز سے جنگ کے خاتمے کی خواہش کا طاقتور پیغام بھیجا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ یہ پیشکش حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے کے بعد کی گئی ہے۔ حوثی باغیوں نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کی تھی لیکن امریکا اور سعودی عرب نے اس حملے میں ایران کو مورد الزام ٹھہرایا تھا۔
حوثی باغیوں کی سپریم کونسل کی سربراہ مہدی المشاہت نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب پر تمام حملے ختم کر دیں گے، بشرطیکہ سعودی حکومت اور اس کے اتحادی بھی ایسا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہماری پیشکش پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا تو ہمارے پاس واپس جانے اور اس کا جواب دینے کا حق محفوظ ہے۔ انہوں نے یمن کے تمام فریقوں سے جامع قومی مفاہمت کی جانب مل کر کام کرنے کا مطالبہ کیا۔