واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی کانگریس اراکین نے کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے متعلق امریکا میں تعینات بھارتی سفیر سے سخت سوالات کے جواب مانگ لیے۔
کشمیر سے متعلق فراہم کردہ بھارت کی معلومات شواہد سے مختلف ہونے پر امریکی کانگریس ارکان نے واشنگٹن میں بھارتی سفیر کو خط لکھ کر سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔ امریکی کانگریس ارکان کا کہنا ہے کہ کشمیر کی حیثیت بدلنے کے حوالے سے ہمارے لوگوں کو خدشات ہیں، برائے مہربانی چند سوالات کے جواب دیں۔
کانگریس اراکین نے خط میں بھارتی سفیر سے سوال کیا کیا کشمیر میں مواصلات، انٹرنیٹ بحال کر دیا گیا ؟ موبائل فون سروس کب بحال کی جائے گی ؟ جموں و کشمیر میں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کتنی گرفتاریاں ہوئیں ؟ کشمیر میں کرفیو کب ختم کیا جا رہا ہے ؟۔
ارکان کانگریس نے لکھا کہ غیر ملکی صحافیوں کو جموں و کشمیر جانے سے کیوں روکا جا رہا ہے ؟ کیا بھارتی فورسز مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں استعمال کر رہی ہے ؟ کشمیر میں کتنے مظاہرین بھارتی فورسز کے تشدد سے زخمی ہوئے ؟ کیا بھارت اراکین کانگریس کو جموں و کشمیر کے دورے کی اجازت دے گا؟۔
خط میں بھارتی سفیر سے کشمیر سے متعلق امور خارجہ کمیٹی کے خدشات پر تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔