کرونا وائرس سے متاثرہ چینی خاتون کے ہاں صحتمند بچے کی پیدائش

Last Updated On 03 February,2020 10:17 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے شہر ہاربن میں کرونا وائرس سے متاثرہ ایک خاتون نے صحت مند بچے کو جنم دیا ہے، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زچہ اور بچہ دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

کرونا وائرس سے متاثرہ یہ خاتون چین کے شمال مشرقی صوبے ہیلوگجنگ کے شہر ہاربن کی رہائشی ہے۔ اس خاتون کو موذی مرض میں مبتلا ہوتے ہی 30 جنوری کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا،جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

ہسپتال انتظامیہ نے اس حاملہ خاتون کو خاص نگہداشت میں رکھا تاکہ زچگی کے دوران کسی قسم کے ممکنہ مسائل پیدا نہ ہوں۔ ڈاکٹروں کی دن رات کی کاوشوں سے بالاخر اس خاتون کے ہاں ایک صحت بچے نے جنم لیا۔

خاتون کے علاج پر مامور ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ بچے کے تمام ٹیسٹ نارمل ہیں اور اس میں کرونا وائرس کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ پیدائش کے وقت بچے کا وزن تین اعشاریہ پانچ کلوگرام تھا۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس میں مبتلا اس خاتون کی حالت بھی اب خطرے سے باہر ہے جبکہ اس کا بچہ بھی مکمل صحت مند ہے۔
 

Advertisement