کوالالمپور: (دنیا نیوز) ملائیشیا کے بادشا ہ نے محی الدین یاسین کو نیا وزیراعظم مقرر کردیا۔
مہاتیر محمد کے مستعفیٰ ہونے کے بعد ملائیشیا کے بادشاہ نے پارلیمنٹ کی اکثریت حمایت کو دیکھتے ہوئے محی الدین یاسین کا نام نئے وزیراعظم کے لئے مقرر کر دیا ہے۔
بادشاہ کا کہنا تھا کہ یہ نام میں نے پارلیمنٹ کے رجحان کو دیکھنے ہوئے کیا ہے، محی الدین کو پارلیمنٹ میں اکثریتی ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
72 سالہ محی الدین پاسین مہاتیر حکومت میں وزیرداخلہ کے فرائض سرانجام دے رہے تھے لیکن اب مہاتیر محمد کے استعفیٰ کے بعد بادشاہ کی جانب سے نئے وزیراعظم مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم مہاتیر محمد نے 24 فروری کو عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ مہاتیر اس وقت دنیا کے معمر ترین وزیراعظم تھے۔انہوں نے 1957ء میں عملی سیاست میں قدم رکھا تھا۔
بابائے ملائیشیا عبدالرحمان سے اختلافات کی وجہ سے مہاتیر محمد کو 1959ء میں پارٹی سے نکال دیا گیا تھا ۔تاہم ملائیشیا کے دوسرے وزیراعظم عبدالرزاق دوبارہ پارٹی میں لے آئے تھے اور یہیں سے مہاتیر محمد کی سیاسی کامیابیوں کا سفر شروع ہوا۔16 جولائی 1981ء کو مہا تیر محمد نے ملائیشیا کے چوتھے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔مہاتیر محمد کی پالیسیوں کی بدولت ملائیشیا ایک پسماندہ ملک سے ایشن ٹائیگر بن گیا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم مہاتیر محمد نے اپنا استعفیٰ دینے کے بعد ٹی وی پر خطاب کیا اور کہا کہ میرے مستعفی ہونے کے بعد ملک میں جو سیاسی بحران پیدا ہوا ہے اس پر عوام سے معافی چاہتا ہوں۔ بعد ازاں مہاتیر محمد کی جانب سے دوبارہ وزیراعظم بننے کی خواہش کا ذکر کیا گیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ حکومت بنانے کو تیار ہیں مگر اتحادیوں کے ساتھ نہیں۔