بنگلا دیش: 25 ہزار افراد کی کرونا وائرس سے حفاظت کیلئے دعائیں

Last Updated On 19 March,2020 08:46 pm

ڈھاکا: (ویب ڈیسک) بنگلا دیش میں کم سے کم 25 ہزار افراد نے کئی گھنٹوں تک ایک جگہ جمع ہوکر کرونا وائرس سے حفاظت کے لیے دعائیں مانگیں۔

بنگلا دیش کے اخبار ڈھاکا ٹریبیون کے مطابق چٹاگانگ ڈویژن کے ضلع لکشمی پور کے مرکزی عید گاہ میں ایک مذہبی تنظیم کی جانب سے کورونا وائرس سے تحفظ اور اس کے خاتمے کے لیے دعا کا اہتمام کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دعائے شفا کے لیے دور دور سے لوگ علی الصبح مرکزی عیدگاہ پر پہنچنا شروع ہوئے اور تقریبا صبح 7 بجے دعائیہ تقریب کا آغاز کیا گیا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اندازا دعائیہ اجتماع میں 25 ہزار افراد نے شرکت کی جو کئی گھنٹوں تک عالمی وبا سے تحفظ اور اس کے خاتمے کے لیے دعائیں کرتے رہے۔

رپورٹ کے مطابق اجتماع میں شاہی جامع مسجد کے مولانا محمد انور حسین نے دعائیں پڑھائیں اور اجتماع کے دوران بیماریوں اور وباوں سے حفاظت اور ان کے خاتمے کے لیے بتائی گئی 6 دعاوں کو پڑھا گیا۔

ہزاروں لوگوں کے اچانک ایک جگہ پر جمع ہونے اور کئی گھنٹوں تک ان کی جانب سے دعائیں مانگیں جانے کے حوالے سے مقامی انتظامیہ نے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کسی نے بھی ان سے اجتماع کی اجازت نہیں لی اور نہ ہی انہیں اس بات کا بروقت علم ہوسکا کہ علاقے میں ہزاروں افراد جمع ہوئے ہیں۔

ترک میڈیا کے مطابق آج ملائیشیا کی بڑی مسجد میں 10 ہزار سے زائد لوگ تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے آئے جہاں پر 4986 لوگوں کا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 513 لوگوں کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے۔
 

Advertisement