ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے نجی شعبے کے ملازمین کے لیے عید الفطر کی چار تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
سعودی وزارت برائے انسانی وسائل اور سماجی ترقی کے ایک اعلامیے کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات ہفتہ 23 مئی سے منگل 26 مئی تک ہوں گی۔
عید الفطر کی چھٹیاں کا انحصار شوّال المکرم کے چاند کی رؤیت پر ہوتا ہے، یہ توقع کی جاتی ہے کہ 22 مئی کو رمضان کا آخری روزہ ہوگا۔ اس شام چاند نظر آنے کی صورت میں 23 مئی کو نجی شعبے کے ملازمین کی پہلی چھٹی ہوگی۔
لیکن سعودی عرب میں نجی شعبے کے بیشتر ملازمین جمعہ کو کام نہیں کرتے ہیں، اس طرح ان کی عید پر پانچ چھٹیاں ہوجائیں گی۔
سعودی حکومت نے سرکاری شعبے کے ملازمین کے لیے پہلے ہی سولہ چھٹیوں کا اعلان کر رکھا ہے، وہ 15 مئی سے 31 مئی تک عید کی چھٹیاں کریں گے جبکہ بہت سے سرکاری ملازمین کرونا وائرس کی وجہ سے پہلے ہی اپنے گھروں سے کام کر رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے عید الفطر پر سرکاری شعبے کے ملازمین کے لیے 22 مئی جمعہ سے پانچ چھٹیوں کا اعلان کیا ہے، وہ بدھ 27 مئی کو دوبارہ کام پر آئیں گے۔
یو اے ای میں نجی شعبہ بالعموم سرکاری تاریخوں کے مطابق ہی عید کی چھٹیاں کرتا ہے، تاہم نجی شعبے کے ملازمین کی چھٹیوں میں دو ایک دن کی کمی وبیشی بھی ہوسکتی ہے۔