لندن: (دنیا نیوز) برطانوی حکومت نے لیسٹرشائر میں کورونا کیسز میں اضافے کے سبب ایک بار پھر لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو 2 ہفتوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
برطانوی سیکرٹری صحت کا کہنا ہے کہ لیسٹر میں غیر ضروری دکانوں کو کھولنے کی اجازت نہیں ہو گی جب کہ تعلیمی اداروں کو بھی جمعرات سے بند کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام انتہائی مجبوری کے علاوہ باہر نہ نکلیں۔ یہاں 650 سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہونے پر یہ فیصلہ کیا گیا۔ لیسٹر شائر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد برطانیہ کا 10 فی صد ہے۔ علاقے میں اب تک سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 3 ہزار 216 ہے جن میں عام شہریوں کے علاوہ طبی عملے کے ارکان بھی شامل ہیں۔
میئر پیٹر سولسبے کا کہنا ہے کہ حکومت نے اس مرتبہ پہلے نافذ شدہ لاک ڈٓاون سے بھی سخت پابندیاں لگائی ہیں لیکن کورونا کے بڑھتے کیسز کے سبب ناگزیر ہیں۔