چین میں تعینات امریکی سفارتی عملے نے ڈیڈ لائن گزرنے پر چینگ ڈو قونصل خانہ چھوڑ دیا

Last Updated On 27 July,2020 11:03 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی سفارتی عملے نے 72 گھنٹے کی ڈیڈ لائن ختم ہونے پر چین کے شہر چینگ ڈو میں قونصل خانہ چھوڑ دیا۔

چین میں آج صبح امریکی سفارتی عملے کو عمارت سے نکلتے دیکھا گیا، تختی ہٹا دی گئی اور امریکی پرچم عمارت سے اتار دیا گیا، چینی وزارت خارجہ نے بتایا کہ چینی عملے نے عمارت میں داخل ہو کر اس کا کنٹرول سنبھال لیا۔ اس دوران بہت سے افراد قونصل خانے کے باہر جمع ہو گئے، واضح رہے کہ امریکی شہر ہیوسٹن میں چینی قونصل خانہ بند کرنے کے جواب میں چین نے چینگ ڈو میں امریکی قونصل خانے کی بندش کا حکم دیا تھا۔

چینگڈو اور ہیوسٹن کے قونصل خانوں کی بندش نے دنیا کی بڑی معیشتوں کے تعلقات میں تناو کی کیفیت پیدا کر دی ہے جو ایک دہائی پہلے سے ہی مالیاتی اور ٹیکنالوجی اختلافات کی وجہ سے بگاڑ کا شکار تھے۔

یہ امر قابل ذکر ہے جب سے صدر ٹرمپ اقتدار میں آئے ہیں، امریکہ اور چین کے مابین تنازعات سر اٹھاتے رہے ہیں۔ حتی کہ کورونا کے معاملے میں بھی صدر ٹرمپ نے تمام سفارتی آداب بالائے طاق رکھتے ہوئے کورونا کو چینی وائرس کا نام دے دیا تھا جس پر چین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔
 

Advertisement