ماسکو: (دنیا نیوز) روس اور فرانس نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جاری لڑائی ختم کروانے کا مطالبہ کیا ہے، روس نے فریقین کے مابین مذاکرات کی میزبانی کی بھی پیش کش کی ہے۔
روس کے صدارتی محل کریملن کے مطابق دونوں ممالک کے صدور ولادی میر پیوٹن اور ایمونل میکرون نے ٹیلی فونک گفتگو میں جنگ بندی کے لیے کی گئی سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے آرمینیا اور آذربائجان کو مذاکرات کی میزبانی کی پیش کش کی ہے، روس کے دونوں ممالک کی حکومتوں سے قریبی تعلقات ہیں۔ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی یہ شدید ترین جھڑپیں ہیں۔
واضح رہے کہ آذربائجان کی وزارت دفاع نے اب تک لڑائی میں 2300 آرمینی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کرنے کا دعوی کیا ہے جبکہ آرمینیا کے 130 ٹینک، 200 سے زائد آرٹلری اور میزائل سسٹم، 25 فضائی دفاعی نظام کو بھی تباہ کرنے سے متعلق بھی کہا ہے۔
دوسری جانب سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں لڑائی کی شدید مذمت کی گئی ہے اور دونوں فریقوں سے فوری جنگ بندی کی اپیل کی گئی ہے۔