روس امریکا تعلقات بدترین سطح پر آ گئے: ولادیمیر پوٹن

Published On 23 November,2020 12:13 pm

ماسکو: (روزنامہ دنیا) روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہےکہ امریکا کے ساتھ ان کے ملک کے تعلقات بدترین سطح پر ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی صدر کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ روس اور امریکا کے تعلقات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں جہاں مزید بدتر ہونے کی گنجائش باقی نہیں۔ انہوں نے کہا الیکشن کا سرکاری نتیجہ آنے تک نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کو مبارکباد پیش نہیں کریں گے ۔

حالیہ امریکی صدارتی انتخابات میں امریکی اداروں کی جانب سے روس پر مداخلت کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں، رواں اگست میں امریکا کے  نیشنل کاؤنٹر انٹیلیجنس اینڈ سکیورٹی سینٹر‘ (این سی ایس سی) کے ڈاریکٹر ولیم ایوانینا کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ روسی صدارتی دفتر میں کام کرنے والے کچھ عہدیداران ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی مدد کر رہی ہیں جبکہ ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کی انتخابی مہم کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے ان الزامات کی تردید کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ روس نہیں چاہے گا کہ میں امریکہ کا صدر منتخب ہو جاؤں کیونکہ میں روس کے حوالے سے سخت پالیسی کا حامی رہا ہوں۔ واضح رہے کہ روس بھی امریکہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تردید کرتا رہا ہے تاہم الزامات کے سبب دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید سرد مہری آئی ہے۔
 

 

Advertisement