انڈونیشیا میں زلزلہ، 42افراد جاں بحق، متعدد زخمی

Published On 15 January,2021 04:56 pm

جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں ایک بڑے زلزلے کے باعث 42افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ سینکڑوں زخمی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں 6.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کا مرکز مازن شہر سے شمال مشرق میں 6 کلومیٹر کی دوری پر تھا جب کہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق خوفناک زلزلے میں درجنوں رہائشی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جس میں سیکڑوں افراد دب گئے۔ امدادی کاموں کے دوران ریسکیو اداروں نے 42لاشیں نکالی ہیں جب کہ 600 سے زائد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 600 سے زائد زخمیوں میں سے 18 کی ہلاکت نازک ہے جبکہ 200 سے زائد زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے اور باقی کو معمولی طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں ماموجو کے علاقے میں ہوئی جہاں 26 اموات ہوئیں جب کہ دیگر ہلاکتیں سلویسی کے مغربی علاقوں میں ہوئی ہیں۔ کئی سڑکیں اور دو پلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات نے زلزلے کے فوری بعد سونامی کا خدشہ بھی ظاہر کیا تھا جس کے بعد ہزاروں لوگوں کو پناہ گزین کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے جب کہ متاثرہ افراد کے لیے ریلیف کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور بلاجواز گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے جب کہ ماہی گیروں کو سمندر سے پہلے واپس بلا لیا گیا ہے۔

 

Advertisement