رمضان المبارک: مسجد الحرام میں عبادت کیلئے نئے کورونا ایس او پیز کا اعلان

Published On 28 March,2021 09:38 pm

مکہ معظمہ: (دنیا نیوز) رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام میں عبادت کو محفوظ بنانے کے لئے نئے کورونا ایس او پیز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

حرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نئے کورونا ضابطوں کے تحت حرم شریف میں افطاری کی تقسیم پر پابندی ہوگی جبکہ اعتکاف بھی معطل رہے گا۔

نئے قواعد وضوابط کے تحت طواف کے دوران خانہ کعبہ کو چھونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

مسجد الحرام میں تراویح کی نماز بھی دس رکعتوں تک محدود ہوگی اور مطاف میں نماز کی ادائیگی پر بھی پابندی ہوگی۔

ایس او پیز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ زائرین حرمین الشریفین میں صرف کھجور اور پانی ساتھ لے جا سکیں گے۔ آب زم زم کی سپلائی معطل رہے گی، صرف بوتلوں میں دستیاب ہوگا۔

صرف ان لوگوں کو مسجد الحرام میں داخلے کی اجازت ہوگی جن کے پاس اجازت نامہ ہوگا۔
 

Advertisement