بھارت میں مزید 2 ہزار 806 ہلاکتیں، بنگلہ دیش نے بھی سرحدیں بند کر دیں

Published On 26 April,2021 10:41 am

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں کورونا موت بانٹنے لگا، چوبیس گھنٹے میں مزید دوہزار آٹھ سو چھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں،نئی دلی اورممبئی میں ہر تیسرا شخص مہلک وائرس کا شکار ہے۔ بنگلہ دیش نے بھی بھارت کےساتھ سرحدیں بند کردی ہیں۔

بھارت میں کورونا کی تباہ کاریاں عروج پر، گزشتہ روز مزید تین لاکھ چوون ہزار افراد متاثر ہو گئے۔ یہ پانچوں روز ہے جب ساڑھے تین لاکھ افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ ٹرینیں ہسپتالوں میں بدل گئیں، امیر بھارت چھوڑ کر نجی طیاروں میں باہر بھاگنے لگے۔

حالات اس قدر خوفناک ہیں کہ آکسیجن سلنڈرز کی حفاظت کے لیے پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں، ہسپتالوں کے باہر آکسیجن کا انتظار کرتے مریض مررہے ہیں۔

مغربی میڈیا نے بھارتی وزیراعظم کو حالات کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم اوور کانفیڈنٹ ہیں، جب کورونا پھیل رہا تھا تو نریندر مودی بنگال میں بغیر ماسک کے گھوم رہے تھے۔

دی اکنامسٹ نے کورونا کے محاذ پر ہندوستان کے تباہی کے دہانے پر پہنچنے کا احاطہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کس طرح حالات کا جواب دینے میں مودی حکومت کی ’’سستی‘‘ نے ہندوستان پر غم کےپہاڑ توڑ دیے ہیں۔
 

Advertisement