بھارت میں کورونا کی ذمہ دار صرف مودی سرکار، غیر ملکی میڈیا نے پول کھول دیا

Published On 09 May,2021 05:37 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) عالمی شہرت یافتہ طبی جریدے نے بھارتی حکومت کی نااہلی کا پول کھولتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کا غیر سنجیدہ رویہ ملک میں کورونا کی وبا کے پھیلاؤ کا باعث بنا۔

عالمی جریدے کے مطابق جب وبا سر اٹھار ہی تھی تو مودی سرکار کورونا کے مکمل خاتمہ کا ڈھنڈورا پیٹ رہی تھی۔ حالات ایسے ہی رہے تو یکم اگست تک بھارت میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد دس لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

دی لینسٹ نے اپنے اداریے میں لکھا ہے کہ مودی سرکار کا کورونا سے متعلق رویہ نا قابل معافی ہے۔ اس خود ساختہ تباہی کی ذمہ دار مودی سرکار ہے۔ برطانوی جریدے نے کہا کہ ماہرین کورونا کی نئی قسم کے آنے کی وارننگ دے رہے تھے۔ تب بھارتی حکومت ٹویٹر سے مخالفین کی پوسٹسس ہٹوانے میں مصروف تھی۔

غیر ملکی جریدے کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے غلط اعداد وشمار کے ذریعے دعویٰ کیا کہ بھارت نے ہرڈ امیونٹی کا ہدف حاصل کر لیا ہے، لہذا وائرس اب مزید نہیں پھیلے گا۔ حکومت کی اجازت سے لاکھوں افراد پر مشتمل سیاسی اور مذہبی اجتماعات ہوتے رہے، جو وبا کے پھیلاؤ کا باعث بنا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اتر پردیش اور مہاراشٹر وبا سے نمٹنے کے لئے تیار نہ تھے۔ وبا آتے ہی ہسپتالوں اور شمشان گھاٹوں میں جگہ ختم ہو گئی، مگر حکومت آکسیجن کی کمی کی شکایت کرنے والوں پر قومی سلامتی کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں مقدمات قائم کرتی رہی۔

 

Advertisement