جوبائیڈن کے ہاتھ خون سے رنگے، فلسطین کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے:اردوان

Published On 17 May,2021 11:03 pm

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ فلسطین کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ اسرائیل کی حمایت کرنے پر جو بائیڈن کے ہاتھ فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق قوم سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ اسرائیل کی حمایت کرنے پر جو بائیڈن کے ہاتھ خون سے لال ہیں، بائیڈن اپنے خون آلود ہاتھوں سے تاریخ لکھ رہا ہے، امریکا نے اپنے رویہ سے ہمیں یہ کہنے پر مجبور کیا، ہم فلسطین کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر جوزف بائیڈن کے جنوری 2021ء میں وائٹ ہاؤس سنبھالنے کے بعد ترک صدر کی طرف سے ان پر سخت الفاظ کے ذریعے تنقید کی گئی ہے۔

اے ایف پی کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران رجب طیب اردوان امریکی انتظامیہ اور یورپی اتحادیوں کے ساتھ اپنے تعلقات معمول پر لانے کیلئے کوششوں میں مصروف ہیں۔

قوم سے خطاب کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ امریکی صدر جوزف بائیڈن اپنے خون آلود ہاتھوں سے تاریخ لکھ رہا ہے، امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیں یہ سب کہنے پر مجبور کیا لیکن اب ہم مزید خاموش نہیں رہ سکتے۔

اے ایف پی کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان گزشتہ 18 سال سے مشرق وسطیٰ فلسطینیوں کی سب سے زیادہ حمایت کرنے والے رہنما ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پارٹی اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے اردوان نے اسرائیل کو دہشتگرد ریاست قرار دیا تھا۔

اے ایف پی کے مطابق قوم سے خطاب کے دوران ترک صدر نے کہا کہ آج ہم نے دیکھا کہ جوزف بائیڈن نے اسرائیل کو ہتھیار فروخت کرنے کی ڈیل پر دستخط کیے ہیں، فلسطینیوں پر ظلم و ستم، اذیت کیساتھ ساتھ ان کا خون بہایا جا رہا ہے جبکہ فلسطینی سلطنت عثمانیہ کے خاتمے کے بعد امن کے منتظر ہیں۔
 

Advertisement