ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی بلدیہ عظمیٰ کا کہنا ہے کہ اگر انفیکشن کی رفتار میں مزید اضافہ ہوا تو متاثرین کی تعداد نازک سطح عبور کر سکتی ہے۔
جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق دارالحکومت ٹوکیو کی بلدیہ عظمیٰ کی کمیٹی نے کہا ہے کہ گزشتہ 7 روز کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی اوسط ایک ہزار 170 رہی، جو ایک ہفتہ قبل سے 50 فیصد زیادہ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ وائرس، تیسری لہر کے دوران دیکھے گئے انفیکشنز سے بھی زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اگر اضافہ اسی طرح جاری رہا تو آئندہ 7 روز اوسطاً 1743 اور اس کے سات روز کے دوران یہ تعداد 2598 ہو جائے گی جو جنوری میں تیسری لہر کے عروج پر ریکارڈ کردہ 1817 سے بھی کہیں زیادہ ہوگی۔
کمیٹی کے ارکان نے شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پھیلنے والے وائرس میں متغیر اقسام کا حصہ بڑھتا گیا اور رفتار نے بھی زور پکڑا تو 7 روز اوسط، تیسری لہر کے عروج کی سطح کو 2 ہفتوں سے بھی کم وقت میں عبور کر سکتی ہے۔