امر اللہ صالح کے گھر سے ڈالر سے بھرے سوٹ کیس، سونے کی اینٹیں بر آمد

Published On 13 September,2021 05:58 pm

کابل: (دنیا نیوز) سابق نائب صدر امر اللہ صالح کے گھر سے ڈالروں سے بھرے سوٹ کیس اور سونے کی اینٹیں بر آمد ہوگئیں۔

سابق افغان حکمرانوں کی لوٹ مار بے نقاب ہوگئی، سابق نائب صدر امر اللہ صالح کے گھر پر طالبان نے چھاپہ مار کر ڈالروں سے بھرے سوٹ کیس اور سونے کی اینٹیں برآمد کرلیں۔

افغان حکام کے مطابق امر اللہ صالح کے گھر سے 65 لاکھ ڈالر اور 18 سونے کی اینٹیں برآمد ہوئیں۔ گنتی کے بعد یہ دولت افغانستان کے خزانے میں جمع کرادیا گیا۔

دوسری جانب افغانستان کا دورہ کرنے والے قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمان الثانی کا کہنا ہے کہ طالبان نے انہیں مخلوط حکومت کے قیام اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی ہے۔

عالمی اداروں کی جانب سے افغانستان کو امداد دینے کا سلسلہ جاری ہے، ورلڈ فوڈ پروگرام کا طبی آلات اور ادویات سے بھراطیارہ مزار شریف پہنچ گیا۔ ڈبلیو ایف پی کے مطابق امدادی سامان 3 ہزار جراحیوں کے لیے کافی ہے۔