بیجنگ: (دنیا نیوز) تائیوان کے معاملے پر چین اور امریکا میں سیاسی تناؤ جاری ہے، چین نے کہا ہے کہ امریکا نے تائیوان کارڈ کھیلنا بند نہ کیا تو دونوں ممالک کے تعلقات خطرے میں پڑ جائیں گے۔
ترجمان چینی دفترخارجہ نے کہا ہے کہ امریکا تائیوان کارڈ کھیلنا بند کرے، امریکا تائیوان کو اقوام متحدہ کا رکن بنانے کی کوشش کررہا ہے جو امریکی وعدے کی صریحاً خلاف وزری ہے، تائیوان چین کا حصہ ہے، امریکا ایسے کسی اقدام سے باز رہے۔
اس سے قبل صدر بائیڈن نے آسیان کانفرنس سے خطاب میں چین پر کڑی تنقید کی تھی، امریکی صدر نے تائیوان سےمتعلق چینی رویئے کو امن کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ تائیوان اور چین ہمسایہ ممالک ہیں جبکہ امریکہ ہزاروں میل دور ہونے کے باوجود محض اپنی عالمی موجودگی ظاہر کرنے کیلئے علاقائی تنازع میں مداخلت کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے جو خطے کی سلامتی کیلئے خطرناک نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔