شام میں امریکی فوج نے داعش کے سربراہ کو آپریشن کے دوران مار ڈالا

Published On 03 February,2022 06:14 pm

شام: (دنیا نیوز) امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے داعش کے موجودہ سربراہ ابو ابراہیم الہاشمی القریشی کو ایک آپریشن کے دوران شمال مغربی شام میں ہلاک کردیا ہے۔

 واضح رہے ابو ابراہیم الہاشمی القریشی، جن کا اصلی نام المولا یا حاجی عبداللہ بتایا جاتا ہے، 2019 میں داعش کے پہلے سربراہ ابو بکر البغدادی کی امریکی فضائی حملے میں ہلاکت کے بعد شدت پسند تنظیم کے سربراہ مقرر کیے گئے تھے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ گذشتہ رات میری ہدایت پر امریکی فورسز شمال مغربی شام میں امریکی عوام اور اتحادیوں کی حفاظت اور دنیا کو ایک محفوظ جگہ بنانے کے لیے ایک کامیاب آپریشن کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی سیکورٹی فورسز نے اس آپریشن میں داعش کے سربراہ کو ہلاک کردیا ہے۔ تمام امریکی آپریشن کے بعد حفاظت سے واپس آگئے ہیں۔

شام: امریکی فورسز کی کارروائی، متعدد شہری مارے گئے

امریکی فورسز نے شام کے شمال مشرقی صوبے ادلب میں کارروائی کی جس میں کئی سویلینز جان سے مارے گئے۔

ادلب کے گھر میں امریکی سپیشل فورسز نے آپریشن کیا جس میں 13 افراد ہلاک ہوگئے، ،مرنے والوں میں 6بچے اور 4خواتین شامل ہیں، کئی گھنٹے تک امریکی ہیلی کاپٹرز علاقے پر پرواز کرتے رہے۔

پینٹاگون کے مطابق امریکی سپیشل فورسز نے ادلب میں کامیاب انسداد دہشت گردی آپریشن کیا۔

رپورٹس کے مطابق امریکی کا ہدف القاعدہ کے دہشت گرد تھے، ادلب کا بیشتر علاقہ القاعدہ سے منسلک دہشت گرد تنظیم تحریر الشام کے قبضے میں ہے۔

Advertisement