انقرہ:(دنیا نیوز) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے روسی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین پر حملہ نا قابل قبول ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی نے روس کی یوکرین پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اس حوالے سے ترک صدر کا کہنا تھا کہ یوکرین اور روس کے درمیان کشیدگی مذاکرات کے ذریعہ حل ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کو اپنی علاقائی خودمختاری کے دفاع کا حق حاصل ہے، روس کا اقدام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، یوکرین کے صدر کو فون کرکے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔
طیب اردوان کا کہنا تھا کہ روس اور یوکرین دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، دو دوست ملکوں کے درمیان جنگی صورتحال دیکھ کر دکھ ہوا۔
دوسری جانب یوکرین نے ترکی سے آبنائے باسفورس روس کے لیے بند کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
یوکرینی سفیر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ترکی روس کے لیے سمندری اور فضائی راستے بند کرے، بحیرہ اسود کے راستے سفر کرنے والے تمام تجارتی بحری جہاز باسفورس سے گزرتے ہیں۔
ادھر یوکرین کے دارالحکومت کیف میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور یوکرینی وزارت داخلہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ روس کے 3 ہیلی کاپٹر مار گرائے ہیں۔