روس کے یوکرین پر حملے، مزید ٹینک اور جنگی سامان بھجوا دیا، شہریوں کا انخلا جاری

Published On 09 March,2022 08:41 am

ماسکو: (دنیا نیوز) روس کے یوکرین پر پرحملے جاری ہیں، روس نے کریمیا کے راستے مزید ٹینک اور جنگی سازوسامان یوکرین پہنچا دیا۔ بڑے شہروں سے لوگوں کا انخلا بھی جاری ہے، امریکا نے روسی تیل اورگیس کی درآمد پر پابندی لگا دی، 130ڈالر فی بیرل پر پہنچی تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

روس اوریوکرین جنگ پر امریکا نے روسی تیل اور گیس کی درآمد پر پابندی کا بڑا اعلان کر دیا جس سے یورپ میں گیس کی قیمتیں آسمان پر اور تیل کی عالمی مارکیٹ میں بھونچال کا خدشہ ہے۔ صدر بائیڈن نے روسی تیل اور گیس پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلےسے امریکا میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھیں گی لیکن آزادی کےلیے یہ قیمت ادا کرنی پڑتی ہے، پیوٹن یوکرین میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

پابندیوں سے بے نیازروس نے کریمیا سے مزید ٹینک اورفوجی سازوسامان یوکرین پہنچا دیا، فضائی حملوں میں گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے، کیف، خرکیف، سومی، ماریو پول سمیت دیگر شہروں کا محاصرہ جاری ہے، امریکا نے روس پر لانگ رینج میزائل حملوں کا بھی الزام عائد کردیا۔

دوسری جانب یوکرین کے صدر زیلنسکی کے موقف میں کسی حد تک لچک آئی ہے اور وہ نیٹو کی رکنیت پر اصرار کے مطالبے سے دست بردار ہوگئے ہیں۔
 

Advertisement