سنگاپور سٹی:(دنیا نیوز) سری لنکا کے صدر گوتا بیا راجا پاکسے مالدیپ سے سنگاپور پہنچ گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کے عوام سڑکوں پر پانی، کھانے پینے کی اشیا کو ترس رہے ہیں تو دوسری جانب لنکن صدر اپنی فیملی کے ہمراہ سنگاپور کے شاپنگ سینٹر میں شاپنگ کرتے پائے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کے صدر نے اپنا استعفیٰ پارلیمنٹ کے سپیکر کو بھجوا دیا ہے۔
سری لنکن صدر گوتابیا راجا پاکسے فرار، ملک میں ایمرجنسی نافذ
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سری لنکا کے صدر گوتابیا راجا پاکسے فوجی طیارے میں ملک سے فرار ہوگئے جس کے بعد ملک میں غیر معینہ مدت تک کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
سری لنکا کے وزیراعظم ہاؤس نے صدر کے ملک سے فرار کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے جب کہ مغربی صوبے میں کرفیو کا نفاذ بھی کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 73 سالہ صدر گوتابیا راجا پاکسے اپنی اہلیہ اور دو سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ملک سے مالدیپ روانہ ہوگئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں شدید عوامی احتجاج کے بعد صدر نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ استعفے کے اعلان کے بعد سے نامعلوم مقام پر منتقل ہوگئے تھے۔