بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا میں غذائی سکیورٹی کی صورتحال سنگین ہے اور چین مختلف ممالک کے ساتھ مل کر عالمی ترقیاتی انیشیٹیو کو فروغ دیتے ہوئے غذائی تحفظ اور انسداد غربت میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے تیار ہے تاکہ بھوک اور غربت سے پاک دنیا کی تشکیل دی جاسکے۔
چینی میڈیا کے مطابق چین کے صدر نے بیجنگ میں منعقدہ ’ہائبرڈ چاول میں معاونت اور عالمی غذائی تحفظ‘ کے موضوع پر عالمی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ غذائی تحفظ انسانوں کی بقاء سے متعلق بنیادی موضوع ہے، نصف صدی قبل چین میں ہائبرڈ چاول کی کامیاب تحقیق کی گئی اور اسے بڑے رقبے پر کاشت کیا گیا جس کی بدولت چین نے دنیا کی 9 فیصد قابل کاشت زمین پر تقریباً بیس فیصد آبادی کے لئے خوراک فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ سال 1979 سے ہائبرڈ چاول دنیا کے تقریباً 70 ممالک میں متعارف کرایا گیا اور اس نے مختلف ممالک میں اناج کی پیداوار میں اضافے اور زرعی ترقی کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں اور ترقی پذیر ممالک کے غذائی قلت کے مسائل کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔