روس نے یوکرین پر 80 سے زائد میزائل داغ دیئے، ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی

Published On 16 November,2022 09:08 am

کیف: (دنیا نیوز) روس نے یوکرین پر میزائلوں کی بارش کر دی، میزائل حملوں کے باعث ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، پورا یوکرین تاریکی میں ڈوب گیا۔

 

یوکرینی حکام کا کہنا ہے روس نے 80 سے زائد میزائل یوکرین پر داغے ہیں، روسی میزائل حملوں کے باعث ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، میزائل حملوں سے یوکرین کے زیادہ تر علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، بجلی کے نظام کی بحالی کیلئے کوششیں شروع کردی گئیں۔

امریکا نے یوکرین پر روس کے تازہ حملوں کی مذمت کر دی، وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ روس نے میزائلوں سے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا، روس کے خلاف یوکرین کی حمایت جاری رہے گی۔

دوسری جانب مغربی میڈیا کے مطابق یوکرین پر داغا گیا روسی میزائل پولینڈ کے سرحدی قصبے میں جا گرا جس میں 2 افراد ہلاک ہوگئے، پولینڈ کے وزیراعظم نے مبینہ میزائل حملے کے بعد ہنگامی طور پر اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا۔

روسی وزارت دفاع نے پولینڈ پر میزائل حملے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پولینڈ میں میزائل گرنے کی رپورٹس اشتعال انگیزی ہیں، ایسی اشتعال انگیزی سے صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔

پینٹاگون کا کہنا ہے کہ پولینڈ پر روس کے میزائل حملے کی تصدیق نہیں کرسکتے۔

 

Advertisement