کیف: (ویب ڈیسک) یوکرینی صدر زیلنسکی کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ سیاسی سطح پر یورپی یونین اور یوکرین 3 فروری کو کیف میں ایک سربراہی اجلاس منعقد کریں گے جس میں مالی اور فوجی مدد پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ زیلنسکی نے اس سال اپنی پہلی فون کال میں یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وین ڈیر لاین کے ساتھ اس ملاقات کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں فریقوں نے اس سربراہی اجلاس کی تیاری کے کام کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔
دوسری جانب یوکرینی فوج کے جنرل سٹاف نے اعلان کیا ہے کہ اس نے 24 گھنٹوں کے اندر روسی افواج کے ٹھکانوں پر 13 میزائل اور توپ خانے سے حملے کیے ہیں۔ یوکرین کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے ڈونیٹسک کے 15 علاقوں میں روسی دراندازی کو ناکام بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: روس یوکرین کو طویل حملوں سے ختم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے : زیلنسکی
یوکرینی فوج نے روس پر الزام لگایا ہے کہ وہ کھیرسن میں دریائے دنیپرو کے دائیں کنارے میں آبادی والے علاقوں پر بمباری کر رہا ہے۔ یوکرینی فوج نے کہا کہ یوکرین بھر میں اہم بنیادی ڈھانچے پر روسی فضائی اور میزائل حملوں کا خطرہ بدستور موجود ہے۔